بھٹکل 22 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں منگل کی شام کو ہوئی قریب ایک گھنٹے کی بارش میں تعلقہ کے ہیبلے میں واقع پانچ میگا واٹ ایمپئر کا ٹرانسفارمر خراب ہوگیا جس کی وجہ سے شام سے ہی بھٹکل اندھیرے میں ڈوب گیا۔ رات قریب دوبجے جب بجلی بحال ہوئی تو پھر بجلی کی انکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے دوران پتہ چلا کہ ہیبلے میں واقع ٹرانسفارمر خراب ہوگیا ہے۔
ہیسکام اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے بتایا کہ5MVA طاقت والا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے آدھے بھٹکل میں بدھ اور جمعرات یعنی دو دن تک بجلی سروس متاثر رہے گی، البتہ جمعہ صبح تک نیا ٹرانسفارمر نصب ہونے کے بعد پورے بھٹکل میں بجلی سروس دوبارہ بحال ہوجائے گی۔
منجوناتھ نے بتایا کہ اتنی طاقت والا ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے بھٹکل میں حنیف آباد، کارگیدے، نوائط کالونی، ڈی پی کالونی، ناگپا نائک روڈ، ساگر روڈ، کڈوین کٹہ، عثمان نگر، مُٹھلی، پورورگہ، سرپن کٹہ، بھٹکل مارکیٹ، وی ٹی روڈ، سونارکیری، تینگن گنڈی کراس اور ہونڈت کیری علاقوں میں 24 مئی یعنی جمعہ تک بجلی کی فراہمی میں خلل رہے گا، انہوں نے اس تعلق سے تمام بجلی صارفین سے تعاون کی درخواست کی۔
منجوناتھ نے بتایا کہ HESCOM کا ایک ٹرانسفارمر کاروار میں اضافی طور پر رکھا گیا تھا، جو جمعرات صبح بھٹکل پہنچے گا۔ ٹرانسفارمر نصب کرنے تک دیر رات ہوسکتی ہے، اس وجہ سے اُمید ہے کہ متاثرہ علاقوں میں جمعہ صبح تک بجلی سروس بحال ہوجائے گی۔
منجوناتھ نے بتایا کہ فی الحال متاثرہ علاقوں میں مکمل طور پر بجلی بند نہیں کی گئی ہے، ایک ایک گھنٹہ کے لئے متبادل طور پر الیکٹری سٹی بند کی جارہی ہے۔